قرآن
لے کے جاتا ہے پئے سیرِ منازل قرآن
وہ مقامات کہ مذکور ہوئے فی القرآن
اُن کو پانا ہے تو قرآن سے پانا ہو گا
جن کا اخلاق بھی قرآن شمائل قرآن
وجہِ تخلیق جہاں دے کے سدھارے ہیں اسے
جان قرآن مری اور مرا دل قرآن
چن لیا حق نے اسے قلب محمد ؐ کے لیے
ہم بھی آباد کریں خانۂ دل با لقرآن
اس کو اپنائے تو مسجود ملائک ٹھہرے
ایسا انساں کو بنا دیتا ہے قابل قرآن
ہم نشینوں کو پلاتا ہے مئے ناب و طہور
ساتھ نبیوں ؑ کے جماتا ہے محافل قرآن
امتِ ختمِ رسل ؐ کیوں اِسے مہجور کرے
روز فرقاں سے حذر جب ہو مقابل قرآن
ایسا اِک نازِ کمال آتا تو ممکن ہوتا
اے خدا! جس پہ اترتا ترا کامل قرآن
اِس کی گہرائی کے وارث ہوئے اولواالالباب
جوہرِ دانش و بینش کا ہے حامل قرآن
عالمِ معنیٰ جسے صاحب معراج کہے
عالمِ بالا سے اس پر ہوا نازل قرآن
کل بھی طوفانِ الم میں تھا کنارہ اپنا
آج بھی کشتیِ امت کا ہے ساحل قرآن
بزمِ ہستی کے لب و نطق پہ جاں جاں احمدؐ
سازِ عرفان کی آواز ہے دل دل قرآن
کیا بھٹکتے ہوئے انسان کو معلوم نہیں
راہ گم کردہ مسافر کی ہے منزل قرآن
جان لیں ہونٹ ذرا لذت شیریں سخنی
آئو دو چار گھڑی وقف کریں للقرآن
باغ رضواں کے شجر جھوم کے پڑھتے ہیں کتاب
گنگناتے ہیں سرِبام عنادل قرآن
نوعِ انسان کو اِک قوتِ وحدت دے کر
توڑ دیتا ہے سبھی طوق و سلاسل قرآن
ہے جو بیمار تو قرآن شفا دیتا ہے
کوئی مشکل ہے تو حلّالِ مشاکل قرآن
* * * * *
Share this content: