عراق کے سفیر سے کونسل کے ایک وفد کی ملاقات
ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا ایک اعلی سطحی وفد کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل جناب سید ثاقب اکبر کی قیادت میں پاکستان میں تعینات جمہوریہ عراق کے سفیر حامد عباس لفتا سے ملا ۔ اس نشست میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر گفت و شنید ہوئی۔ وفد کے شرکاء میں جمعیت علمائے پاکستان کے سیکریٹری جنرل پیر سید صفد ر گیلانی ، مجلس وحدت مسلمین کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی ، ہدیہ الہادی پاکستان کے صدر مفتی معرفت شاہ شامل تھے ۔
وفد نے سفیر جمہوریہ عراق کو ان کے تقرر پر خوش آمدید کہا ، وفد کے اراکین نے عراقی سفیر کو کونسل کا تعارف کروایا نیز اس کونسل کی اتحاد امت کے لیے خدمات کو اجمالی طور پر بیان کیا ۔ اس وفد کے اراکین نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلقات کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے وفد کے اراکین نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اس سلسلے میں ملی یکجہتی کونسل کا ایک وفد عراق جائے اور وہاں کے حکومتی اراکین ، مراجع اور سیاسی شخصیات سے ملے ۔
عراقی سفیر نے اس وفد کے اراکین کو خوش آمدید کہا نیز اتحاد کے لیے جذبوں کا اظہار کیا ، سفیر محترم نے استبدادی دور کی مشکلات کا ذکر کیا ، عراق میں شیعہ سنی مسائل کی شدت کو بیان کیا ، سفیر محترم نے کہا کہ زائرین کی مشکلات کا احساس ہے ، کچھ لوگوں نے ان کا حق مارا ہے ۔ یادر رہے کہ بعض افراد نے عراق کے جعلی ویزے لگائے جس کے سبب اربعین کے لیے جانے والے زائرین کو مشکلات درپیش ہیں ۔ عراقی سفیر نے کہا کہ میرے پاس پاکستان کے مختلف وزراء کی جانب سے موصول ہونے والی لسٹیں موجود ہیں تاہم کرونا کے حالات نیز جعلی ویزوں کی سبب میں زائرین کی توقعات کو پورا نہیں کر پارہا ہوں ۔
Share this content: