×

ماہ رجب المرجب

سید اسد عباس

ماہ رجب المرجب

ترتیب: سید اسد عباس

ماہ مارچ کا شمارہ آپ کے پیش نظر ہے ، قمری کیلنڈر کے روسے یہ رجب کا مہینہ ہے جس کی فضیلت میں بہت سی روایات موجود ہیں ۔ طلوع اسلام سے قبل بھی ماہ رجب ان مہینوں میں شمار ہوتا تھا جو حرمت والے جانے جاتے تھے ۔ان مہینوں میں عرب بدو بھی طویل جنگ و جدال کا سلسلہ ترک کر دیتے تھے ۔ اسلام نے بھی حرمت کے ان مہینوں کی تکریم کو برقرار رکھا ۔رجب کو بعض دیگر ناموں اور صفات سے بھی یاد کیا جاتا ہے، جن میں سے ایک رجب الفرد ہے۔ یہ اسلئے کہا جاتا ہے کہ یہ مہینہ دوسرے حرام مہینوں ذی القعدہ، ذی الحجہ اور محرم الحرام سے الگ ہے جبکہ دوسرے مہینے ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ ہیں۔ اسی طرح اس مہینہ کو رجب المُضَر بھی کہا جاتا ہے کیونکہ قبیلہ مُضَر (پیغمبر اکرمؐ کے اجداد میں سے) بطور خاص اس مہینہ کے احترام کے قائل تھے۔ اس کے علاوہ رجب الاصم، رجب المُرَجَّب، رجب الحرام، مُنصَل الأَسِّنہ اور مُنصِل الألّ بھی اسی مہینے کے نام ہیں۔

اس مہینے کو’’رجب الاصب‘‘ اور’’رجب الاصم‘‘ نام رکھنے کے حوالے سے پیغمبر اسلام ؐ سے منقول ہے:
یُسَمَّی شَهرُ الرَّجبِ الاَصَبَّ ِلاَنَّ الرّحمةَ تُصَبُّ عَلَی اُمَّتی فیه صَبّاً وَ یُقالُ الاصَمُّ لِاَنَّه نُهیَ فیه عَن قِتالِ المُشرکینَ وَ هوَ مِنَ الشُّهورِ الحُرُم
ترجمہ: اس مہینے کو “اصبّ” کہا جاتا ہے چونکہ اس مہینے میں میری امت پر خدا کی رحمتیں نازل ہوتی ہیں، اور اسے “اصم” بھی کہا جاتا ہے چونکہ اس مہینے میں مشرکوں سے جنگ کرنے سے روکا گیا ہے۔
احادیث میں ہے کہ رسول اکرم ؐ ماہ رمضان المبارک کے علاوہ ماہ شعبان اور رجب کے روزے رکھا کرتے تھے ۔ انس بن مالک کا کہنا ہے کہ جب ماہ رجب کا آغاز ہوتا تو نبی کریم ؐ دعا فرماتے کہ اے اللہ ہمیں رجب اور شعبان کی برکت عطا فرما۔ اسی طرح پیغمبر اکرم ؐ سے منقول ہے:
’’رجب خدا کا مہینہ ہے، شعبان میرا مہینہ اور رمضان المبارک بندگان خدا کا مہینہ ہے‘‘۔
اسی طرح ایک اور جگہ ارشاد فرماتے ہیں:
جو شخص اس مہینے میں ایک دن روزہ رکھے تو گویا وہ اس شخص کی طرح ہے جس نے پورا مہینہ رروزہ رکھا ہو۔
اس مہینے کی پہلی شب جمعہ کو لیلۃ الرغائب کہا جاتا ہے جس کے حوالے سے روایات میں مختلف اعمال اور آداب ذکر ہوئے ہیں۔ اس مہینے کی تیرہ، چودہ اور پندرہ تاریخ جو ایام بیض کے نام سے معروف ہیں، میں اعتکاف جیسی عظیم سنت اور عبادت بھی انجام دی جاتی ہیں جو اسلامی عبادتوں میں ایک نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔اس مہینے میں واقع ہونے والے واقعات میں سب سے اہم واقعہ پیغمبر اسلامؐ کی بعثت ہے جو بعض روایات کے مطا بق اس مہینے کی ستائیسویں تاریخ کوہوئی۔ اس کے علاوہ ماہ رجب امام علی، امام باقرؑ، امام محمد تقیؑ کی ولادت کا مہینہ ہے اور اسی ماہ میں امام علی نقی علیہ السلام اور امام موسی کاظم ؑ کی شہادت ہوئی۔ہم نے ماہنامہ پیام کے شمارہ حاضر کو تذکرہ امیر المومنین ؑ سے مخصوص کیا ہے ۔ اس شمارے میں ’’ اقوال امام علی علیہ السلام انتخاب از نہج البلاغہ ‘‘،’’ صوفیاء اور مقام اہلبیت انتخاب کلام‘‘ ،’’ حضرت امیر خسروؒامیرالمومنین حضرت علیؑ کے حضور‘‘،’’ مقام مصطفیﷺ حضرت علی علیہ السلام کی نگاہ میں ‘‘ اور ’’ عدالت در نہج البلاغہ ‘‘کے عنوان سےمقالات پیش قارئین ہیں۔ امید ہے ہماری یہ کاوش قارئین پیام کو پسند آئے گی۔
والسلام
سید اسد عباس

Share this content: