بانی البصیرہ سید ثاقب اکبر مرحوم کی دوسری برسی کی مناسبت سے البصیرہ کے زیر اہتمام اتحاد امت،ضرورت ،چیلنجزاور مستقبل کے زیر عنوان سیمینارجامعہ الکوثر کے ہال میں منعقد کیا گیا ۔ اس پروگرام میں ملک کی بہت سی سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سید مقاومت سید حسن نصراللہ کی نماز جنازہ کے سبب بہت سی اہم شخصیات جنھوں نے قبل ازیں اس سیمینار میں شرکت کا وعدہ کیا تھا ملک میں نہ ہونے کے سبب سیمینار میں شریک نہ ہو سکیں جن میں علامہ راجہ ناصر عباس ، مفتی گلزار احمد نعیمی صدر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان شامل ہیں ۔ علاوہ ازیں اس سیمینار کے موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی شوری کا سالانہ اجلاس بھی تھا جس کے سبب جماعت کے مرکزی راہنما بھی اس سیمینار میں شریک نہ ہوسکے ۔
علامہ افتخار حسین نقوی کی جانب سے ماڑی انڈس میں ایک عالمی سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔ یہ تمام پروگروام چونکہ پہلے سے طے تھے لہذا ممکن نہ تھا کہ تاریخ کو بدلا جاتا ۔ اس کے باوجود ملک کی بہت سی اہم شخصیات نے اس سیمینار میں شرکت کی جن میں جناب علامہ عارف حسین واحدی نائب صدر شیعہ علما کونسل پاکستان ،جناب عبداللہ گل سربراہ تحریک نوجوانان پاکستان ،سید امتیاز علی رضوی، جناب کاشف گلزار نعیمی جماعت اہل حرم پاکستان،جناب سید احمد اقبال رضوی مجلس وحدت المسلمین پاکستان، جناب مولانا انوار علی نجفی صاحب ،جناب مفتی معرفت شاہ نا ئب صدر هدية ھادی پاکستان جناب پروفیسر رشید احمد سربراہ شیخ زاہد ا سلامک سنٹر پیشاور یونیورسٹی پشاور ،صاحب، ڈاکٹر حضور مہدی صاحب چیئرمین امامیہ آرگنا ئزیشن پاکستان چیف سکاوٹ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنا ئزیشن پاکستان شہریار عباس اور دیگر شخصیات شامل ہیں ۔


سیمینار میں تلاوت کلام پاک اور نعت شریف قاری انعام الحق اعوان نے پڑھی ۔سیمینار کی نظامت کے فرائض بانی البصیرہ کے رفیق سیدانجم ترمذی نے انجام دئیے۔سیمینار میں خطاب کرنے والی شخصیات نے اپنی گفتگو میں اتحاد و وحدت کی ضرورت اور اس عنوان سے سید ثاقب اکبر مرحوم کی علمی ، فکری اور عملی کاوشوں کا تذکرہ کیا ۔ تمام افراد نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سید ثاقب اکبر مرحوم کی فکر کا سلسلہ اب بھی البصیرہ کی شکل میں جاری ہے ۔ اس تقریب میں ماہنامہ پیام کے خصوصی شمارے ختم نبوت نمبر کی بھی تقریب رونمائی کی گئی ۔ مدیر ماہنامہ پیام سید نثار علی ترمذی نے ختم نبوت نمبر کی خصوصیات کے حوالے سے سامعین کو آگاہ کیا ۔ اس پروگرام میں سید ثاقب اکبر مرحوم کے دیرینہ دوست میاں تنویر قادری نے بانی البصیرہ کے حوالے سے کہے گئے سید عباس نقوی کے اشعار پیش کیے۔