اسلام آباد ۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل ونائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد ایک ہفتے کے دورے پرایران پہنچ گیا، دورہ ایران کے بارے میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل و نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفدایران کے القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی شہید اور بغداد میں امریکی حملے میںدیگر شہید ہونے والے کے ورثاء اور سپاہ سے اظہار تعزیت کریگا۔ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا یہ وفد اپنے دورے کے دوران ایرانی کے سپریم لیڈرحضرت آیت اللہ خامنہ ای سمیت ایرانی حکومت کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریگا۔
ثاقب اکبر نے مزید بتایاکہ وفد میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ کے علاوہ شیعہ علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر علامہ عارف حسین واحدی،مجلس وحدت المسلمین کے نائب سربراہ ناصر شیرازی ،نائب صدرملی یکجہتی کونسل پاکستان پیر محمدصفدر گیلانی،جماعت الحدیث کے چیف آرگنائزرمقصود احمد ستی سمیت دیگر شامل ہیں۔
ثاقب اکبر نے بتایا کہ ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے اس تعزیتی دورے سے پاکستان اور ایران کے درمیان دوستانہ تعلقات میں مزید بہترین آئے گی۔واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے کو عالم اسلام پر حملہ قرار دیا تھا اور اس حملے کی شدید مذمت کی تھی۔